
روس نے یوکرائن سرحد سے فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا
روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرائن کے ساتھ سرحد پر تعینات کچھ فوجی مشقیں مکمل کرنے کے بعد اپنے فوجی اڈوں پر واپس جا رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف کا کہنا ہے کہ جنوبی اور مغربی فوجی اضلاع کے جن یونٹس نے اپنے مشن مکمل کر لیے ہیں، وہ آج سے اپنے گیریژنوں میں منتقل ہونا شروع کردیں گے۔
کوناشینکوف کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے مطابق متعدد جنگی تربیتی مشقیں منعقد کی گئی تھیں جواب ختم کی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوکرائن تنازع، پوپ فرانسس نے ممکنہ جنگ کو ’پاگل پن‘ کا مظہر قرار دے دیا
رپورٹ کے مطابق یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا کا کہنا ہے کہ جب تک ہم خود سے روسی فوج کا انخلا نہیں دیکھ لیتے تب تک یقین نہیں کریں گے۔
دیمیٹرو کولیبا کا کہنا تھا کہ روس کو اپنی باقی تمام افواج کو بھی دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں سے واپس بلانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک اصول ہے کہ ’جو کچھ آپ سنتے ہیں اس پر یقین نہ کریں، جو کچھ آپ دیکھتے ہیں اس پر یقین کریں‘ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے جب ہم انخلا کو دیکھیں گے تو تناؤ میں کمی پر بھی یقین کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس روس سربراہ ملاقات، صدر پیوٹن یوکرائن تنازع پر سمجھوتے کیلیے تیار
یوکرائن کے وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ یوکرائن اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر جس سفارتی راستے پر چل رہا تھا اس کا مقصد مزید کشیدگی کو روکنا تھا۔
دوسری جانب جرمن چانسلر کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں جس کے تحت وہ ماسکو پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News