
بیلجیئم میں ملازمین کو ہفتے میں چار دن کام کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ کئی دیگر ممالک بھی اس مثال کو اپنانے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن اس کے فائدے کیا ہیں۔
چار روزہ ہفتے کی حمایت کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ اِس سے ملازمین کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور اداروں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ کئی یورپی ممالک میں اس طریقِ کار کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن عملی طور پر پہل بیلجیئم نے کی ہے۔
بیلجیئم میں اب سے ملازمین کو ہفتے میں چار یا پانچ روز کام کرنے کا اختیار ہوگا۔ چار دن کام کرنے کی صورت میں اُنہیں یومیہ زیادہ وقت تک کام کرنا پڑے گا۔ ملازمین یہ فیصلہ بھی کرسکیں گے کہ اُنہیں کون سے چار دن کام کرنا ہے۔
بیلجیئم کے وزیراعظم الیگزینڈر دے کرو نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس ماڈل کو اختیار کرنے سے شہری اپنی دفتری اور نجی زندگی میں توازن قائم کر سکیں گے۔
آئس لینڈ میں بھی بیلجیئم کی طرح اس ماڈل کا تجربہ 2015ء اور 2019ء کے درمیان کیا گیا تھا جہاں ہفتے میں کام کا دورانیہ 40 کی بجائے 35 یا 36 گھنٹوں تک محدود کر دیا گیا تھا لیکن تنخواہ اُتنی ہی رکھی گئی۔
تجرباتی بنیادوں پر ڈھائی ہزار ملازمین نے اس ماڈل میں شمولیت اختیار کی۔ جائزے سے معلوم ہوا کہ شرکاء کی صحت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری رونما ہوئی۔
کامیاب تجربے کے بعد اس ماڈل کو ملک بھر میں متعارف کرا دیا گیا اور اب آئس لینڈ کے 86 فیصد ملازمین ہفتے میں چار دن کام کرتے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ میں بھی اِن دنوں چار روزہ ہفتے کا تجربہ جاری ہے جس کے لیے حکومت کمپنیوں کو قریب 14 ملین ڈالر کی مالی معاونت بھی فراہم کر رہی ہے۔
ویلز کی حکومت بھی یہی مثال اختیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ابتدا میں چار روزہ ہفتہ صرف سرکاری ملازمین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
جرمنی میں اب تک چھوٹی اسٹارٹ اپ کمپنیوں نے ہی چار دن کام کرنے کا تجربہ کیا ہے تاہم جاپان میں کئی بڑی کمپنیاں چار روزہ ہفتے کی افادیت کا جائزہ لے رہی ہیں۔
مائیکرو سافٹ نے بھی تجرباتی بنیادوں پر مہینے کے آخری ہفتے تین دن کام کرنے کا ماڈل متعارف کرایا ہے۔
ملٹی نیشنل کمپنی یونی لیور نیوزی لینڈ میں چار روزہ ہفتے کا تجربہ کر رہی ہے۔ اگر یہ تجربہ کارآمد ثابت ہوا تو کمپنی اسے دوسرے ممالک میں بھی متعارف کرائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News