روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کا تحلیل ہونا امریکا کی ایک خودمختار ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا ایک ثبوت ہے۔
روسی سرکاری خبر ایجنسی تاس کے مطابق پیر کو روسی وزارت خارجہ کی نمائندہ ماریہ زخارووا کا یہ بیان ذرائع ابلاغ کو جاری کیا گیا۔
ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا نے عمران خان کے دورہ روس کی منسوخی کے لیے دباو ڈالا، پاکستان کی جانب سے امریکی دباؤ مسترد کیا گیا، جس کے بعد دورہ منسوخ نا کرنے پر امریک نے عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے دعوت پر 23 اور 24 فروری کو ماسکو کا دو روزہ دورہ کیا، موجودہ عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں ماہرین نے اس دورے کو بہت اہم قرار دیا تھا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو نے یوکرین معاملہ پر پاکستان کے متوازن ردعمل کی مذمت بھی کی اور پاکستان کے وزیراعظم کے خلاف اچانک تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی۔
روسی وزات خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بارہا یہ کہا تھا کہ کہ ان کے خلاف سازش کو بیرون ملک سے مالی امداد دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو اپنے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کو تبدیل کرنے کی دھمکی امریکی محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو نے پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید خان سے ایک ملاقات کے دوران دی تھی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
