
غاصب اسرائیل ماہِ مقدس کے دوران بھی ظلم کرنے سے باز نہ آیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے میں دو مختلف واقعات میں دو فلسطینی خواتین کو شہید کر دیا۔
اسرائیلی پولیس اور فلسطینی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مختلف واقعات میں اسرائیلی فوج نے دو فلسطینی خواتین کو گولی مار دی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق بیت اللحم شہر کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار دی۔ 40 سالہ بیوہ خاتون غدا ابراہیم سباطین چھ بچوں کی ماں تھیں۔ خود اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون مسلح نہیں تھیں۔
ایک دوسرے واقعے میں جنوبی شہر ہیبرون میں ایک فلسطینی خاتون اسرائیل کی سرحدی پولیس کی فائرنگ سے شہید ہوئیں۔ اسرائیلی پولیس کا الزام ہے کہ خاتون نے ایک پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کیا جس سے اسے معمولی زخم آئے تاہم مبینہ حملہ آور خاتون کو گولی مار دی گئی۔
جنین کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک موٹر سائیکل سوار بندوق بردار نوجوان کو بھی گولی مارے جانے کی اطلاع ہے تاہم ابھی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق بندوق بردار نوجوان نے ان کے قافلے پر فائرنگ کی جس کے بعد اُسے نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیل میں ہونے والے چار حملوں میں اب تک 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج نے عسکری سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی عرصے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کم از کم 10 فلسطینی بھی شہید کیے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ضلع جنین میں دوسرے روز بھی چھاپے مارے جس دوران ہوئے ایک تصادم میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں کم از کم 24 مشتبہ فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News