ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 غیر ملکی سیاح ہلاک
نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں 5 غیر ملکی سیاح اور پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے پہاڑی سلسلے میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 غیر ملکی سیاح اور پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ دارالحکومت کھٹمنڈو کے شمال مشرقی علاقے میں پیش آیا، ہلاک ہونے والے پانچ سیاحوں کا تعلق میکسیکو سے تھا جب کہ پائلٹ نیپالی تھا۔
کھٹمنڈو کے تریبھوون بین الاقوامی ہوائی اڈے نے بھی منانگ ایئر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں چھ افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔
نیپال کی منانگ ایئر سیاحوں کو نیپال میں چوٹیوں کا نظارہ کرواتی ہے جس میں دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔
نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 5 منٹ پر سولوکھمبو ضلع سے روانہ ہوا جہاں ماؤنٹ ایورسٹ واقع ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر کا رابطہ 10 منٹ سے بھی کم وقت کے بعد صبح 10 بج کر 13 منٹ پر منقطع ہوگیا تھا جس کے بعد میں وہ سولوکھمبو کی دیہی میونسپلٹی لکھوپیکے میں گر کر تباہ پایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ پر پہنچنے والے مقامی لوگوں اور پولیس کو جہاز میں سوار تمام افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اب ہم لاشوں کو کھٹمنڈو لے جانے کا عمل شروع کررہے ہیں۔ اس میں کچھ وقت لگے گا کیونکہ حادثے کی جگہ سے سڑک کے ذریعے سفر کیا جائے گا جس کے بعد پرواز کے ذریعے کھٹمنڈو تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔
واضح رہے کہ نیپال کا خراب موسم، کم مرئیت اور پہاڑی جغرافیائی ہوا بازی کے لیے اس کی ساکھ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جنوری میں وسطی نیپال کے پوکھارا شہر کے قریب ایک طیارہ گرنے سے کم از کم 68 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ 30 سال سے زیادہ عرصے میں ہمالیائی ملک کا سب سے مہلک طیارہ حادثہ تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
