لندن: یورپی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس نے جنگ جاری رہنے تک یوکرین کو فوجی امداد جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اجلاس میں شریک سربراہان نے 4 نکات پر اتفاق کیا، جب تک جنگ جاری ہے یوکرین کو فوجی امداد جاری رکھی جائے گی۔
برطانوی وزیراعظم نے بتایا کہ روس پر اقتصادی دباؤ میں اضافہ کیا جائے گا جب کہ مستقل امن یوکرین کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنائے گا۔
کیئر اسٹارمر کہتے ہیں کہ کسی بھی امن مذاکرات کی میز پر یوکرین کو موجود رہنا چاہیے، امن معاہدے کی صورت میں مستقبل میں روسی حملے کو روکنا ہدف بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے دفاع اور امن کی ضمانت کے لیے رضامندوں کا اتحاد ہوگا، یوکے یوکرین کو ایکسپورٹ فنانس کے 1.6 ارب پاؤنڈ استعمال کرنے کی اجازت دے گا۔
برطانوی وزیراعظم نے مزید بتایا کہ یوکرین رقم سے 5 ہزار سے زائد ایئر ڈیفنس میزائل خرید سکے گا جب کہ میزائل بلفاسٹ میں تیار ہوں گے جس سے برطانیہ کے ڈیفنس سیکٹر میں نوکریاں پیدا ہوں گی۔
کیئر اسٹارمر کا مزید کہنا تھا کہ یورپ اور امریکا کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، یورپ کی سلامتی کے لیے یہ براعظم امریکا کے ساتھ مل کر کام کرے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان کشیدگی کے بعد یوکرین سے اظہار یکجہتی کے لیے برطانیہ میں یورپی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
