 
                                                      ڈھاکا میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں افراد کی ریلی
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہفتے کے روز ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ڈھاکا میں مظاہرین نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی۔
احتجاجی ریلی کا مرکز ڈھاکہ یونیورسٹی کے قریب سہروردی پارک رہا، جہاں لگ بھگ ایک لاکھ سے زائد افراد فلسطینی پرچم تھامے جمع ہوئے۔ فضا ’’آزاد، آزاد فلسطین‘‘ جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔
مظاہرین نے امریکا، اسرائیل اور بھارت کی قیادتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض افراد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر اٹھاکر ان پر غصے کا اظہار کیا جب کہ انہیں اسرائیلی مظالم کا حامی قرار دیا گیا۔
ریلی کے دوران مظاہرین نے علامتی تابوت اور شہری ہلاکتوں کی عکاسی کرنے والے مجسمے بھی اٹھا رکھے تھے جن کے ذریعے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم فلسطینیوں کی یاد تازہ کی گئی۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جس کی آبادی تقریباً 17 کروڑ ہے اور یہ ملک فلسطین کے حق خود ارادیت اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کی کھل کر حمایت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 