مکہ مکرمہ: نئے ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی سالانہ تبدیلی کی بابرکت اور روحانی تقریب آج نمازِ عصر کے بعد منعقد کی جائے گی، اس عظیم الشان موقع کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ مقدس فریضہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیا جائے گا۔
تقریب میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ (غلافِ کعبہ) فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی تربیت یافتہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں دو سو سے زائد ماہر کاریگروں اور فنکاروں نے 11 ماہ تک مسلسل محنت کی۔
کسوہ کا مجموعی وزن تقریباً 1,415 کلوگرام ہے، جس میں 1,000 کلوگرام خالص ریشم، 120 کلوگرام سونے کے تار اور 100 کلوگرام چاندی استعمال کی گئی ہے، ان دھاتوں سے قرآنی آیات کو انتہائی خوبصورتی سے کشیدہ کیا گیا ہے۔
غلافِ کعبہ چار بڑے حصوں اور 47 درمیانے و چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہے، جو کعبہ شریف کی ہر سمت کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتے ہیں۔
عصر کی نماز کے بعد موجودہ غلاف کے سنہری حصے احتیاط سے ہٹائے جائیں گے اور نیا غلاف عشاء کے بعد نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔
یہ روحانی منظر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عقیدت، جذبات اور ایمان افروزی کا مظہر ہے، جسے لاکھوں افراد براہِ راست یا ذرائع ابلاغ کے ذریعے دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی یہ سالانہ روایت یکم محرم کو انجام دی جاتی ہے اور صدیوں سے اسلامی تاریخ کا ایک اہم اور مقدس حصہ سمجھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
