
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع دنیا کے مشہور ترین میوزیم لوور میں نقاب پوش چوروں نے بڑی واردات کی۔ چور فرانسیسی شاہی تاج کے قیمتی جواہرات چرا کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق اتوار کی صبح نقاب پوش چوروں کا گروہ لوور میوزیم کے باہر آیا اور سین دریا کے کنارے والی سڑک پر رکتے ہی ایک لمبی فولڈنگ سیڑھی کے ذریعے میوزیم کی اوپری منزل کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگیا۔
یہ حصہ گیلری ڈی اپولون کہلاتا ہے، جہاں فرانسیسی شاہی جواہرات رکھے گئے ہیں۔
پیرس کی پراسیکیوٹر لور بیکوا کے مطابق چوری کا واقعہ صبح 9 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب میوزیم عام عوام کے لیے کھل چکا تھا۔
چوروں نے صرف چھ سے سات منٹ میں کارروائی مکمل کی۔ وہ اگرچہ بغیر اسلحے کے تھے مگر انہوں نے سیکیورٹی گارڈز کو اینگل گرائنڈر (لوہا کاٹنے والی مشین) سے دھمکایا۔
حکام کے مطابق چوروں کا گروہ چار افراد پر مشتمل تھا جنہوں نے انتہائی منظم انداز میں کارروائی کی۔
چوروں کا نشانہ کیا تھا؟
پراسیکیوٹر کے مطابق کل نو قیمتی اشیاء کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے آٹھ چوری کرلی گئیں جب کہ نواں تاج، جو نپولین سوم کی اہلیہ ایمپریس یوجینی کا تھا، چور فرار کے دوران راستے میں گرا گئے۔
فرانسیسی وزارتِ ثقافت نے تصدیق کی ہے کہ چوری ہونے والی تمام آٹھ اشیاء انتہائی نایاب اور ناقابلِ قیمت جواہرات پر مشتمل تھیں۔
گمشدہ تاج بعد ازاں میوزیم کے باہر سڑک پر ملا جسے چور ممکنہ طور پر جلدی میں چھوڑ گئے تھے۔ یہ تاج سونے، زمرد اور ہیروں سے مزین تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News