باربی اور پولی پاکٹ جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد اب ایک اور عالمی شہرت یافتہ کھلونا کریکٹر لبوبو ڈول پر فلم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سونی پکچرز نے اس گڑیا پر فلم بنانے کے حقوق خرید لیے ہیں جبکہ امکان ہے کہ یہ فلم ہاربیس (Horror-Based) طرز پر مبنی ہوگی۔
سونی پکچرز کی جانب سے کیے گئے باضابطہ اعلان کے بعد فیشن انڈسٹری اور سوشل میڈیا صارفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اسے کھلونا فرنچائزز کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
فلم فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے لائیو ایکشن کے طور پر بنایا جائے گا یا اینیمیٹڈ فارمیٹ میں۔
لبوبو ڈول کو ہانگ کانگ کے آرٹسٹ کاسنگ لِنگ نے 2015 میں دی مونسٹر نامی بک سیریز میں متعارف کرایا تھا، جسے بعدازاں معروف چینی کمپنی پاپ مارٹ نے کھلونا بنا کر گلوبل مارکیٹ میں پیش کیا۔
لبوبو نے اپنی شہرت زیادہ تر بلائنڈ باکس کونسپٹ کے باعث حاصل کی، یعنی صارفین کو پہلے سے معلوم نہیں ہوتا تھا کہ انہیں کون سا ڈیزائن ملے گا، تاہم ہر ڈیزائن مقبولیت پا جاتا تھا۔
اس گڑیا کو 2024 میں اُس وقت عالمی سطح پر غی معمولی شہرت ملی جب ہالی ووڈ اسٹارز کم کارڈیشین اور ریحانہ نے اسے بطور فیشن استعمال کیا۔ بعدازاں میڈونا نے اپنی 67ویں سالگرہ پر لبوبو ڈول کا خصوصی کیک بھی بنوایا اور ہالووین پر اس کا روپ دھارا۔
دوسری جانب اس کھلونے کی جعلی کاپیاں مارکیٹ میں آنے کے بعد امریکی اداروں نے صارفین کو خبردار بھی کیا کہ خریداری کے دوران احتیاط برتیں۔
اقتصادی جریدے پاپ مارٹ رپورٹ کے مطابق لبوبو ڈول نے صرف 2024 کی پہلی ششماہی میں 670 ملین ڈالر کی فروخت کی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 670 فیصد اضافہ ہے۔
حیران کن طور پر یہ فروخت عالمی سطح پر مشہور کھلونوں باربی اور ہاٹ وہیلز کی سیلز سے بھی زیادہ رہی۔












