Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:
Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads

کے الیکٹرک کا دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بریک ڈاؤن، شہر قائد میں پانی کی فراہمی شدید متاثر

بجلی کی معطلی کے سبب 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 متاثر ہوئی

 کراچی میں ایک بار پھر کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے شہر قائد میں پانی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ آج صبح 6:35 بجے پیش آیا، جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے سیکنڈ فیز میں بجلی کا تعطل ہو گیا۔

بجلی کی معطلی کے سبب 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 متاثر ہوئی اور اس کے ساتھ ہی سیکنڈ فیز کے چار پمپس بھی بند ہو گئے جس سے شہر کے مختلف حصوں میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ رک گیا۔

 ترجمان کے مطابق اس بریک ڈاؤن سے تقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی متوقع ہے جس کا فوری اثر شہری علاقوں میں دیکھا جا رہا ہے۔

اس ہنگامی صورت حال پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر مرمتی کام فوراً شروع کر دیا گیا۔

واٹر کارپوریشن کی تکنیکی ٹیمیں دن رات ایک کرکے متاثرہ لائن کی مرمت کر رہی ہیں تاکہ پانی کی سپلائی کو جلد بحال کیا جا سکے۔

 حکام نے بتایا کہ مرمتی کام پیر تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا پورا نظام معمول کے مطابق چلنا شروع ہو جائے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بریک ڈاؤن پیش آیا ہو۔

 5 نومبر، 11 نومبر اور 13 نومبر کو بھی فورتھ فیز، سیکنڈ فیز اور کے تھری پمپ ہاؤس میں کیبل فالٹ کی وجہ سے شہر کے کئی علاقے پانی کی کمی کا شکار ہوئے تھے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس تازہ بریک ڈاؤن کے سبب کراچی کی عوام کو ایک بار پھر پانی کی فراہمی میں مشکلات پیش آئیں گی۔

واٹر کارپوریشن نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے ایمرجنسی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ بحران کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کے درمیان توانائی کے مسائل اور انفراسٹرکچر کی خرابیوں کی وجہ سے شہریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔

 یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا اس مرتبہ بریک ڈاؤن کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا یا مستقبل میں مزید ایسے بحران پیش آئیں گے۔

متعلقہ خبریں