لاہور ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے بشریٰ بی بی کی خفیہ مقدمات میں ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، ان کے خلاف اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے میں انکوائری کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جارہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام اداروں کو مقدمات اور انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے اور کسی بھی خفیہ مقدمہ میں ان کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر عائد دفتری اعتراض ختم کردیا اور رجسٹرار آفس کو درخواست 24 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستاویزات پر انگوٹھے کے نشان نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔




















