
سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کردیاہے۔
سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بینچ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی دوہری شہریت اور اقامے پر نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار روشن علی کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ دوہزار آٹھ کے الیکشن میں دہری شہریت کیساتھ منتخب ہوئے، سال دوہزار بارہ میں سپریم کورٹ نے تمام ارکان اسمبلیوں سے دہری شہریت کے بیان حلفی مانگے۔
دوران سماعت وکیل حامد خان نے کہا کہ مراد علی شاہ کو دوہری شہریت پر سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، انہوں نے 2013 کے فیصلے پرنظرثانی کیلئے رجوع نہیں کیا۔
حامدخان کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ نہ دینے پر مراد علی شاہ کو نااہل کیا تها۔
دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 62 کیلئے عدالتی ڈیکلریشن چاہئے جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ عدالتی فیصلہ ہی ڈیکلریشن ہے ،ہر امیدواراپنی اہلیت کا بیان حلفی ریٹرننگ افسر کو جمع کراتا ہے ،جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔
سپریم کورٹ نے فیصلے پر جسٹس عمر عطا بندیال کے اختلاف کے باوجود روشن علی ابڑو کی درخواست پر مرادعلی شاہ کونوٹس جاری کردیا. عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News