سعودی ولی عہد کا دنیا کا پہلا غیرمنافع بخش شہر بسانے کا اعلان
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےغیرمنافع بخش شہرکے...
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے طویل المدتی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے ، آئندہ چند روز میں کراچی کا دورہ کروں گا جس میں میں حالات کا جائزہ خود لوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے کوویڈ -19 کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکنے کے لئے اقدامات، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی پر بریفنگ دی گئی جبکہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے حوالے سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی اور ایس اوپیز پر عمل درآمد پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں کورونا کی بہتر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اندرون ملک ہوائی سفر کے حوالے سے ہیلتھ پروٹوکولز کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور کوارنٹین اسٹرٹیجی پر عملدرآمد، مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت کے حوالے سے ٹیسٹنگ کی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ ہوائی شعبے کے حوالے سے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر بہتر حالات کے پیش نظر اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے روڈ میپ پر بات چیت کی گئی جبکہ سکولوں میں حفاظتی انتظامات اور ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلی بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسد عمر نے عالمی اورعلاقائی ممالک اور پاکستان کی صورتحال کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔
اسد عمر نے اجلاس کو کورونا کے پھیلاؤ کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی طور پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے خلاف حکومت پاکستان کی جانب سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے
بریفنگ میں کہا گیا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور حکومتی حکمت عملی کی بدولت پاکستان میں بیرونی دنیا اور ہمسایہ ممالک کی نسبت کورونا کے حوالے سے حالات میں واضح بہتری پائی جاتی ہےجبکہ موثر اقدامات کی بدولت کورونا پازیٹیویٹی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کورونا کی بہتر صورتحال پر این سی او سی، میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، صوبائی حکومتوں اور دیگر تمام متعلقین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موثر کوارڈینیشن اور جامع حکمت عملی کی بدولت کورونا کے خلاف کامیابی نصیب ہوئی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومتی کاوشوں اور حکمت عملی کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو روکا گیا ہے لیکن ابھی خطرہ موجود ہے جس کے لئے پوری قوم کا تعاون درکار ہے
عمران خان نے علمائے کرام ، ذاکرین اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رہنماؤں نے کورونا کے خلاف جنگ میں جس تعاون کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی تباہی اور اس کے نتیجے میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ تمام وفاقی اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، وفاقی ادارے ریلیف سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں
وزیرِاعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے صوبائی حکومتیں ، سکولوں کی انتظامیہ اور دیگر متعلقین کی مشاورت سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے جبکہ 15ستمبر کو سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے سات ستمبر کے اجلاس میں حتمی فیصلہ لیا جائے۔
اجلاس میں محمد حماد اظہر، سید فخر امام، عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان ، لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر معید یوسف، چئیرمین این ڈی ایم اے اور دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے جبکہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News