 
                                                                              لاہور کی احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور دیگر اہلِ خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے ریفرنس کی سماعت کی، سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا ہے۔
دوران سماعت احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا اور کہاکہ نصرت شہباز کو جو 30 دن کی مہلت دی گئی تھی وہ مکمل ہو چکی ہے۔
سماعت کے دوران شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ وکیل عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ ایسے تو یہ کیس کبھی مکمل نہیں ہوگا، نیب کے گواہوں پر ملزمان خود جرح کریں، 12 بجے تک فیصلہ کر لیں کہ وہ خود جرح کریں گے یا نہیں۔
بعد ازاں شہباز شریف نے عدالت سے روسٹرم پر آ کر بیان دینے کی درخواست کی۔
احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف کو روسٹرم پر آ کر بولنے کی اجازت دے دی۔
شہباز شریف نے روسٹرم پر اپنے بیان میں کہا کہ مجھے آج تک میڈیکل رپورٹس اور فزیو تھیراپسٹ فراہم نہیں کیا گیا، میں نے بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب 3 بار کام کیا، جس کی کبھی حکومت سے تنخواہ نہیں لی، نہ کبھی کوئی الاؤنس لیا، کبھی پیٹرول کے پیسے بھی سرکاری خزانے سے نہیں لیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پنجاب کے عوام کی دل سے خدمت کی ہے ، میں نے کبھی کرپشن نہیں کی، نہ کبھی قوم کا پیسہ کھایا، اللّٰہ تعالیٰ کے دیئے گئے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 