وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کا ششماہی جائزہ اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے مقابلے میں موجودہ مالی سال کے دوران اب تک ترقیاتی فنڈز کے ریلیز کی شرح سب سے زیادہ رہی ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے ششماہی میں فنڈ یوٹیلائزیشن کی مجموعی شرح 55 فیصد رہی اور موجودہ مالی سال کے دوران اب تک 79 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز ریلیز کئے جاچکے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ترقیاتی فنڈز خرچ کرنے کے حوالے سے محکمہ ماحولیات 100 فیصد کارکردگی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ محکمہ داخلہ 75 فیصد کارکردگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا اوراس وقت صوبے میں 839 ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، رواں مالی سال کے اختتام تک ان میں سے اکثر منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک مختلف فورمز سے 300 منصوبوں کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ صوبائی سطح پر اب تک 199 منصوبوں کی منظوری ہو چکی ہے۔
بریفنگ کے دوران مزید کہا گیا کہ محکموں کی سطح پر 94 منصوبوں کی منصوبوں کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک ایکنک سے پانچ میگا ترقیاتی منصوبے منظور ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے فنڈز یوٹیلائزیشن کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگلے دو اڑھائی سالوں میں ڈی آئی خان موٹر وے اور سی آر بی سی منصوبوں پر کم از کم 50 فیصد پیشرفت کو یقینی بنایا جائے۔
محمود خان نے یہ بھی کہا کہ ان منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں ماہانہ رپورٹ پیش کی جائے، تمام محکمےاگلے چھ ماہ میں ترقیاتی فنڈز کی سو فیصد یوٹیلائزیشن کو یقینی بنائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مزد کہا کہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام محکمے اپنے فنڈز یوٹیلا ئزیشن کے حوالے سے ماہوار رپوٹ پیش کریں۔
چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ تمام انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News