
افریقی ملک برکینا فاسو میں مسلح افراد نے مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15 نمازی شہید ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو کی مسجد میں مسلح افراد نے حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس سےنمازی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ کی زد میں آکر 7 نمازی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ مسجد پڑوسی ملک مالی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے اور دہشت گردی کے واقعے کے بعد سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقہ کا محاصرہ کرلیا ہے تاہم حملہ آوروں کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے اور نہ ہی حملہ آور کو شناخت کیا جا سکا ہے۔ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں مالی سے سرحد عبور کرکے شدت پسند مسلح گروہ نے اپنا قبضہ جمالیا ہے جس کے باعث سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جب کہ فرقہ ورانہ فسادات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے برکینا فاسو مسجد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور جانی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افریقہ کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کا اثر و رسوخ بڑھتا جارہا ہے۔انہوں نے اس با ت پر زور دیا کہ عالمی برادری کو مل کر افریقہ میں امن کے حوالے سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News