سمندری طوفان ہاگی بیس :جاپانی وزیراعظم کامتاثرہ افرادکےلیےامدادی پیکج کااعلان

جاپان کےوزیراعظم شنزو آبے نےسمندری طوفان ہاگی بیس سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج جلد مرتب کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز کابینہ ارکان سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے وزیر اعظم شنزوآبے کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال تقریباً 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کے محفوظ فنڈ کو اس پیکج کے لیے استعمال کیا جائے۔
وزیر اعظم آبے نے کہا کہ سیلاب سے فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور دکانوں، کارخانوں، مشینری اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نقصان اتنا شدید ہے کہ بہت سے کسان، جنگلات اور ماہی گیری کی صنعتوں کے کارکنان اور چھوٹی کمپنیوں کے مالکان اپنے کاروبار کی تعمیرِ نو کی قوتِ ارادی ہی کھو سکتے ہیں۔وزیراعظم شنزو ابے نے کہا کہ لوگوں کی روز مرہ زندگی اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
جاپانی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طوفان کے بعد لاپتہ ہونے والے افراد کو ڈھونڈنے اور ان کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں جاپان کی تاریخ کا بدترین طوفان ہاگی بیس جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں اب تک ستر سے زائد افراد ہالک ہوچکے ہیں جبکہ 200 سے زائد زخمی اور متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔ جب کہ طوفان کے بعد شدید بارشوں سے تقریباً 200 سے زائد دریاوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جبکہ بارشوں کے نتیجے میں140 سے زائد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے تھے ۔
خیال رہے کہ طوفان’’ہگی بیس ‘‘سےقبل 1958 میں جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ساحل سےٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک یا لاپتا ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News