 
                                                                              مسلم لیگی رہنما شہبا ز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا سورج غریبوں کا حلق خشک کر چکا ہے، ریلیف کے بجائے عوام کو ہر روز ایک نئی تکلیف میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہےکہ 225 ارب کے مزید ٹیکس ملک میں معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کا قیامت خیز زلزلہ ثابت ہوں گے۔
اپوزیشن لیڈر شہبا زشریف کا کہنا ہے کہ کپاس ساڑھے پندرہ ہزار فی 40 کلو کی بلند ترین سطح پر ہے، برآمد کنندگان اور ملرز پہلے ہی پریشان بیٹھے ہیں ، پالیسی ریٹ بڑھا کر حکومت پہلے ہی اپنے بجٹ پر یوٹرن لے چکی ہے۔
مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ آئی ایم ایف کی عاقبت نااندیشانہ شرائط ماننے والے حکمران قوم کو خودکشی پر مجبور کر رہے ہیں ، آرڈیننس کے ذریعے بڑی قانونی ترامیم پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور غیر آئینی و غیر جمہوری رویہ ہے۔
شہبا ز شریف نے کہاکہ یہ پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے، حکومت نے خود کو بچا کر اداروں کی آئینی آزادی چھیننے کا قدم اٹھایا ہے، نیب کے پہلے سے متنازعہ قانون میں آرڈیننس کے ذریعے 18 بڑی ترامیم حکومت کا جوابدہی سے فرار ہے۔
مسلم لیگ ن کے نائب صدر کا کہنا ہےکہ سیاہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے، متحدہ اپوزیشن آئین میں اداروں کے متعین اختیارات حکومت کو چھیننے نہیں دے گی ، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکومتی اقدامات روکیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 