
معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق رشکئی زون میں کام کرنے والی کمپنیوں کے حکام نے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رشکئی اقتصادی زون کیلئے گیس اور بجلی کی فراہمی مقررہ مدت میں مکمل ہو گی۔
کمپنیوں کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضروری انفراسٹرکچر پر کام کی رفتار تیزی سے جاری ہے ، 8 کمپنیوں کو اقتصادی زون میں انڈسٹریل پلاٹ کی الاٹمنٹ کی جا چکی ہے۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد دیگر کمپنیوں کی جانب سے پلاٹ الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
معاون خصوصی برائے سی پیک نے رشکئی میں مارکیٹنگ پلان کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دی اور سینچری اسٹیل کا دورہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ سینچری اسٹیل سی پیک اسپیشل اکنامک زون میں تعمیراتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی پہلی کمپنی ہے۔
اس سے قبل معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 13 ارب ڈالر کے منصوبے مکمل اور 12 ارب ڈالر کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ فیز ٹو کے منصوبوں پر پیش رفت کا آغاز کردیا گیا ہے ، کچھ اقتصادی زونز میں کام بھی شروع ہوچکا ہے، علامہ اقبال اقتصادی زون میں چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کررہی ہیں، فیصل آباد اقتصادی زون میں پری فیبریکیٹڈ گھر تعمیر کرنے کے کام کا آغاز کیا گیا ہے، پری فیبریکیٹڈ گھر صرف 40 روز میں بنے گا۔
معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے کہا تھا کہ چینی کمپنی نے اس ضمن میں 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک وہیکل بنانے کے پلانٹ نے کام شروع کردیا ہے، ایل ای ڈی لائٹس کی 18 ایکڑ پر تین کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، چینی سرمایہ کاروں کو جو مسائل تھے وہ حل کردیے ہیں۔
خالد منصور نے کہا تھا کہ 845 ملین ڈالر کی سرمایہ ہوچکی ہے ، سی پیک رکنے کی باتیں درست نہیں ہیں ، سی پیک فیز ٹو میں داخل ہوچکا ہے ، حکومت ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاروں کے مسائل حل کررہی ہے ، چینی کمپنیوں کے سی ای اوز وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ چینی سفارتخانے کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہیں ، چار اسیپشل اکنامنک زونز میں سرمایہ کاری سے متعلق ون ونڈو سیل بنایا جارہا ہے ، فیز ٹو میں دو نہیں بہت زیادہ سیکٹرز ہونگے ، سی پیک منصوبوں کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے کہا تھا کہ سیکورٹی پر چینی حکومت کا اعتماد بحال ہوا ہے ، سی پیک کے تمام منصوبوں کی سیکورٹی بہترین ہے ، سی پیک عملے پر جو حملہ کیا گیا وہ دوران سفر ہوا سائٹ پر نہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News