
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقِری نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس دوران ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نیول چیف اور معزز مہمان نے خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی صورتحال، خطے کی سلامتی و سرحدی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک ایران بارڈر مینجمنٹ خصوصاً باڑ کی تنصیب سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں جانب سے خطے کے امن کے لیے مل کر کام کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایران برادر ممالک ہیں،قریبی تعاون خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد کو علاقائی سلامتی کی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی ، پاک فوج کے تربیتی امور، دوست ممالک کے ساتھ تعاون اور مشترکہ فوجی مشقوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی جنرل نے پاک ایران فوجی روابط مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News