سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین نیب حکومت کے ساتھ کمپرومائزڈ ہیں، حکومت کے پاس چیئرمین نیب کی چیزیں موجود ہیں، حکومت نے چیزیں ریلیز کیں تو چیئرمین نیب بیرون ملک جانے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور فنانس ڈویژن نیب سے ڈرتے ہیں، نیب حکام قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاسوں میں نہیں آتے، نیب حکام کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکت تک احتجاج جاری رہے گا۔
ان کا کہنا کہ پیپلز پارٹی قیادت کو نیب کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کی تجویز دی ہے، خواہش ہے اپوزیشن متحد ہو کر نیب کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرے
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملک میں افراط زر میں مسلسل اضافہ جاری ہے، چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے چینی مل مالکان کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر میں چینی ناپید ہونے کا خدشہ ہے، چینی کا بحران سندھ نہیں پنجاب حکومت نے شروع کیا ہے، شوگر ملز مالکان نے گرفتاریوں کے خلاف کرشنگ نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، ملک میں چینی کے بعد گندم کا بحران آنے والا ہے۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا مزید کہنا تھا کہ وفاق ہر بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈال دیتی ہے، شوگر ملز مالکان کی گرفتاری افسوسناک ہے، شوگر ملز مالکان نے سندھ کی ملز سے کرشنگ نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News