محمود خان نے کہا ہے کہ ہم خان کے سپاہی ہیں ہم کسی سے ڈرتے نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کالام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے دوران ہمارے پر امن کارکنوں اور بہن بھائیوں پر بدترین تشدد کیا، ہم امپورٹڈ حکومت کی حکومت کی طرف سے سے اپنے بہن بھائیوں پر تشدد کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آزادی مارچ میں شامل اپنے بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ امپورٹڈ حکمرانوں سے ان پر ہونے والے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کے قتل کا ایف آئی آر امپورٹڈ وزیراعظم اور امپورٹڈ وزیر داخلہ کے خلاف درج کیا جائےگا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت جتنا بھی تشدد کرے ہم حقیقی آزادی کی جنگ سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، رانا ثناء اللہ نے میرے خلاف ایف آئی اے درج کروائی ہے، ان کے قلم میں جتنا زور ہے میرے خلاف استعمال کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خان کے سپاہی ہیں ہم کسی سے ڈرتے نہیں، ہمارے لیڈر عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو اسے زیادہ تعداد میں عوام نکلے گی اور ہم انشاءاللہ ملک کی حقیقی آزادی کی جنگ جیت کر رہیں گے۔
محمود خان نے یہ بھی کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی طرف سے بہیمانہ تشدد اور رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچنے پر میں مکل بھر کے اپنے بہن بھائیوں کا مشکور ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارے پر امن کارکنوں پر جو تشدد ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، یہ ملک اس لئے نہیں بنا تھا کہ چور لٹیرے قوم کے وسائل چوری کرکے بیرون ملک اپنے اثاثے بنائیں۔
محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پختون قوم کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کرتے ، ہم اس ملک کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرادیا جبکہ پیٹرول 30 روپے فی لیٹر جبکہ آٹا بھی 18 روپے فی کلو مہنگا کردیا، امپورٹڈ وزیر اعظم نیب کو مطلوب ہے اور آدھے سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ کالام میں مختلف شعبوں میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ علاقے کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ 36 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور منصوبے کے تحت علاقے کے لوگوں کے لوگوں کی ضروریات کے لئے ایک ارب روپے خرچ بھی کئے جائیں گے۔
محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کالام کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ علاقے کی ترقی کے لئے ایک اور اہم منصوبہ ہے، یہ کرکٹ اسٹیڈیم بین الاقوامی معیار کا اسٹیڈیم ہوگا جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹ میچ منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کالام سیاحت کے فروع کے لئے بہترین جگہ ہے صوبائی حکومت یہاں سیاحت کے فروع کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، کالام کی قدرتی حسن کو برقرار رکھنے میں مقامی لوگ اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ کالام میں پہاڑوں اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کالام میں جو بھی ترقیاتی کام ہوگا وہ مقامی لوگوں کی مشاورت سے ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
