
وزیراعظم عمران خان کاکہناہے کہ کوئٹہ مسجد میں دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، بزدل دہشت گردوں کوجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام دیتےہوئے وزیراعظم کا کہناتھا کہ ’میں نے کوئٹہ کی مسجد میں بارگاہِ الہٰی میں سجدہ ریز نمازیوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔اسکے ساتھ میں نے صوبائی حکومت کوزخمیوں کاعلاج معالجہ یقینی بنانےکی بھی ہدایات دی ہیں‘۔
انہوں نے واقعے میں شہید پولیس افسرکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ’حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی حاجی امان اللہ ایک جرات مند اور مثالی افسر تھے‘۔
خیال رہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں گزشتہ روز دھماکے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں اقدام قتل، دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کاکہناہے کہ واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ایس ایچ او کی مدعیت میں سیٹلائٹ ٹاون تھانہ میں درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد شہرکی تمام مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہےجبکہ واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے جس کو آج مکمل کرلیاجائے گا۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی حاجی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے واقعےمیں شہید ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکےمیں 19 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تاحال کسی بھی عسکری تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ابتدائی طور پرحاصل کیے گئے ثبوت و شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکا خودکش تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News