کراچی کےعلاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سےجاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی جبکہ مزید 20 سے زائد متاثرہ شہری اسپتال پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق متعلقہ ادارے 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی گیس کے اخراج کی وجہ معلوم کرنے میں ناکام ہیں۔ کیماڑی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں متاثرہ لوگوں کو سانس لینے میں مشکل، دم گھٹنے اور اُلٹیاں لگنے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
علاقہ مکینوں نےکہاہےکہ زہریلی گیس کا اخراج یا تو جاری ہے یا پھر فضا میں اس کے مہلک اثرات پہلے کی طرح موجود ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فی الفور معاملے کا جائزہ لے اور اسکا سدبات کرے۔
دوسری جانب کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں اور شہریوں کے متاثر ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کراچی پورٹ سے جڑے ہوئے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں اور شہریوں کے متاثر ہونے کا مقدمہ جیکسن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 143/20 جیکسن تھانے کے ایس ایچ او ملک عادل کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیماڑی میں مسان روڈ، ریلوے کالونی، جیکسن بازار اور اطراف کی آبادی میں زہریلی گیس سے شہریوں کے متاثر ہونے کا عمل گزشتہ شام 6 بجے شروع ہوا تھا۔ ایف آئی آر آج صبح 6 بجے کے وقت پر درج کی گئی ہے۔
متا ثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ان کا دم گھٹ رہا ہے، تمام افراد کو فوری طور پر آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔
اس واقعے کے بعد کیماڑی میں یہ افواہ پھیل گئی کہ چین سے آئے ہوئے کسی کنٹینر کو کھولنے کے بعد علاقے میں وائرس پھیل گیا۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ، زہریلی گیس سے متاثرہ تین افراد آئی سی یو میں داخل ہیں جبکہ ایک شخص وینٹی لیٹر پر وارڈ میں زیر علاج ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
