نوجوان فاسٹ بولر زمان خان ملتان سلطانز کے خلاف کامیاب دفاع کرنے پر خوش
ملتان: لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر زمان خان نے ملتان سلطانز کے خلاف آخری اوور میں 15 رنز کا کامیابی سے دفاع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان کہتے ہیں کہ ’مجھے معلوم تھا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی مجھے آخری اوور دیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ کپتان نے آخری اوور کے لیے گیند دی تو کہا جو دماغ میں آتا ہے کرو، بس پریشر نہیں لینا، سوچ رہا تھا صرف اچھے یارکرز کروں گا۔
زمان خان نے مزید کہا کہ بہت خوشی ہے کہ لاہور قلندرز کو افتتاحی میچ میں کامیابی دلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کا آغاز گزشتہ روز ہوگیا ہے جب کہ افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
گزشتہ روز میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور مرزا بیگ نے اننگ کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
مرزا بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 100 رنز جوڑے۔
شان مسعود 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کو آخری دو گیندوں پر 10 رنز درکار تھے جب کہ خوشدل شاہ دو چوکے لگا سکے اور یوں لاہور قلندرز نے یہ سنسنی خیز میچ صرف ایک رن سے اپنے نام کرکے ایونٹ میں پہلی فتح درج کرا دی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
