الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا کیس، عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں جج جواد عباس نے سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنادیا ہے۔
فیصلے کے مطابق عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی ہے ۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے عمران خان کی عدم پیشی پر ڈیڑھ بجے تک فیصلہ سنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور عمران خان کو عدالتی وقت میں پیش ہونے کی مہلت دی گئی تھی۔
مہلت ختم ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج جواد عباس نے سماعت کی جس دوران ڈاکٹر بابر اعوان نے ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا۔
اس موقع پر جج جواد عباس نے سوال کیا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ہم نے جائز وقت دیا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ دہشتگردی کے اتنے واقعات ہو چکے ہیں لیکن ریاست دہشتگرد پکڑنے میں ناکام ہے اور عمران خان پرانسداد دہشت گردی کی دفعات نہیں لگتیں ہیں۔
انہوں نے استدعا کی کہ عمران خان پر دہشتگردی کی دفعات ختم کی جائیں جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس کیس کے میرٹس پر فیصلہ تب کرتے جب عمران خان پیش ہوتے۔
بعدازاں بابر اعوان نے عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ عمران خان دہشتگرد نہیں ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہپوری کابینہ کہہ رہی ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے،حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کا بہانہ نہ دیں۔
جج نے کہا کہ میں ایسا معیار قائم نہیں کروں گا کہ کل کو ہر ایک ملزم کو زیادہ وقت دینا پڑے، میرے لیے سب برابر ہیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے کہ جب تک چالان نہ آجائے دہشتگردی کی دفعات ختم نہیں کر سکتے ،اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نہ ہوتا تو پہلی سماعت پر دہشت گردی کی دفعات پر فیصلہ کردیتا۔
بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج جواد عباس نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ اگر آپ میری درخواست مسترد کررہے ہیں تو درخواست واپس لے لیتا ہوں جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ درخواست واپس لے لیں کیونکہ میں نے تو فیصلہ سنانا ہے۔
بابر اعوان نے اپنے موکل سے مشورے کا ٹائم مانگا جس کے بعد سماعت 2.30 تک ملتوی کردی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بینکنگ کورٹ میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عمران خان اور شریک ملزمان کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے رضوان عباسی نے استدعا کی عمران خان تعاون نہیں کررہے،ان کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ساڑھے 3 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
جج رخشندہ شاہین نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان ساڑھے 3 بجے تک پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ان کی گرفتاری ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
