
کراچی کو اختیارات دیں ملک خود کفیل ہوجائے گا، خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو اختیارات دیں ملک خود کفیل ہوجائے گا۔
خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر کنوینر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کے وارث جنھوں نے اس شہر کے لئے قربانیاں دی، آپ اس شہر کو تو جینے دیں پھر دیکھیں پاکستان کو کہاں لے کر جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سیاسی اعتبار سے اہم اجتماع کرنے جارہی ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے آغاز سے نوجوانوں کی سیاست کو فروغ دیا، جو کراچی کا مزاج سمجھتے ہیں وہ جانتے ہیں یہ شہر کبھی جاگیردارانہ سیاست کو قبول نہیں کریگا، شہر کراچی کبھی بھی مصنوعی قیادت کو قبول نہیں کریگا۔
انکا کہنا ہے کہ کراچی شہر کو پاکستان اپنے ساتھ لیکر چلے تو کبھی بھی ہم کو بین الاقوامی امداد کی ضرورت نہ پڑے، کراچی کو اختیار دو گے تو ایک خودمختار باوقار پاکستان بنے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کی خاطر کراچی کو دوبارہ سہارا دینے کی ضرورت ہے، اہل کراچی سے گزارش ہے کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے ایم کیو ایم پاکستان جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے مرکز لے جانے کے باوجود آج بھی صنعتی و تجارتی مرکز کراچی ہی ہے، اندرون سندھ میں موجود عوام کو دعوت دیتا ہوں کہ ایم کیوایم کی مشترکہ جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔
انکا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی جدوجہد سے عام پاکستانی ایوانوں میں پہنچتا ہے، ہماری مشترکہ جدوجہد سے پاکستان کو قوت اور طاقت ملے گی۔
خالد مقبول نے مزید کہا کہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیتوں برادریوں سے اپیل ہے کہ کل ایم کیوایم کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں، کراچی کے نوجوان ایم کیوایم کی جدوجہد کو اپنے ہاتھ میں لینے کیلئے ایم کیوایم کے کارواں میں شامل ہوجائیں۔
فاروق ستار
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے قائم ہونے سے آج تک وہ مقام حاصل نہیں کرسکا جو کرنا چاہیے تھا۔
انکا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کے تمام بکھرے ہوئے لوگ آج شہری سندھ کی جدوجہد میں ایک ساتھ ہیں، ایم کیو ایم پاکستان اپنی سیاست کو نوجوانوں میں منتقل کرنے جارہی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے، مہنگائی کے خاتمے کیلئے اب عملی اقدامات ایم کیوایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار ہزار ارب کا ٹیکس دینے والا کراچی اپنی تمام بنیادی ضروریات سے محروم ہے، با اختیار کراچی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔
مصطفیٰ کمال
اس موقع پر ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان جن مشکلات سے گزر رہا ہے اس کو آئی ایم ایف نہیں نکال سکتا، کل کے جلسے میں تمام طبقات کو مدعو کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو 15 سال کا موقع ملا پر کچھ نہیں ہوا، کچھ اس شہر میں ہوا ہے تو ایم کیو ایم نے ہی اپنے دور میں بنایا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اب کوئی وزیراعظم حمایت مانگنے آیا تو وزارتیں نہیں مانگیں گے، وزیراعظم ووٹ مانگنے آئے تو آئین میں ترامیم مانگیں گے، کراچی کےمینڈیٹ کی حمایت کےبغیرکوئی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔
ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد کل کے جلسے سے شروع ہوگی، ایم کیوایم کا جلسہ کل نئی تاریخ رقم کرے گا۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لے کر بحران سے نہیں نکل سکتے، کراچی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News