
پاکستان میں دوسری ہنگور کلاس آبدوز کی تعمیر
پاکستان میں آبدوز سازی کے میدان میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاک بحریہ کے لئے مجموعی طور پر چھٹی اور پاکستان میں دوسری ہنگور کلاس آبدوز کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لیے دوسری ہنگور کلاس آبدوز کی تعمیر شروع ہونا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے یقینی طور پر بڑی اہم پیش رفت ہے۔
پاک بحریہ چین کے اشتراک سے 2028 تک اپنے بیڑے میں 8 جدید ترین ہنگور کلاس آبدوزیں شامل کرے گی۔ پاک بحریہ کے لئے 4 آبدوزیں چائنہ شپ بلڈنگ انڈسٹری کارپوریشن میں تعمیر کی جا رہی ہیں۔
کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس سے پہلے سابق نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 2022 میں پاکستان میں بننے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کیل لیئنگ کی تھی جسے آپ عام زبان میں بنیاد یا سنگ بنیاد رکھنا کہہ سکتے ہیں۔ پاکستان میں بننے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کا نام پی این ایس تسنیم رکھا جائے گا۔
پاکستان نیوی نے 1971 کی جنگ میں بھارتی جنگی جہاز ککری کو غرق کرنے والی پی این ایس ہنگور سے نئی آبدوزوں کو منسوب کیا ہے اور پہلی میڈ ان پاکستان ہنگور کلاس آبدوز بھی سابق ہنگور کلاس کے اس وقت کے کپتان سے منسوب کی گئی ہے۔
پاکستان نیوی میں جدید ڈیزل الیکٹرک ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت کے ساتھ 2 فرانسیسی ساختہ اگوسٹا 70 آبدوزوں کو ریٹائر کیا جائے گا۔
رواں دہائی کے اختتام پر 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت کے بعد 3 فرانسیسی ساختہ اپ گریڈڈ اگوسٹا 90 بی آبدوزوں کے ساتھ پاک بحریہ کی قوت میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔
ہنگور کلاس آبدوزیں پاکستان چین سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت حاصل کررہا ہے اور یہ آبدوز سازی کے میدان میں پاکستان کے لئے ایک انمول تجربہ ثابت ہوں گی۔
ایئرانڈیپینڈنٹ پروپلشن سے لیس ہنگور کلاس آبدوزیں دشمن کے لئے خاموش قاتل تصور کی جاتی ہیں۔ اٹھائیس سو ٹن ڈسپلیسمنٹ کے ساتھ 76 میٹر طویل ہنگور کلاس سب میرینز 6 ٹارپیڈو ٹیوبز کی حامل ہیں جو اینٹی شپ میزائل کے ساتھ ایس ایل ایم بابر کروز میزائل بھی داغ سکتی ہیں۔
11 بڑی آبدوزوں اور تین سے چار شیلو واٹر اٹیک سب میرینز کے ساتھ پاکستان نیوی زیر آب جنگ کے میدان میں یقینی طور پر کسی سے کم نہیں ہو گی اور زیرآب ایٹمی وارہیڈ سے لیس کروز میزائل داغنے کی صلاحیت نہ صرف پاکستان کی سیکنڈ اسٹرائیک صلاحیت کو تقویت دیتی ہے بلکہ پاکستان کے نیوکلیئر ٹرائیڈ کی بھی تکمیل کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News