
عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے پارلیمنٹ میں خطاطی نمائش اور سیرت محل بک کارنر کا افتتاح
اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے پارلیمنٹ میں رسول رحمتﷺ خطاطی نمائش اور سیرت محل بک کارنر کا افتتاح کیا۔
نمائش میں معزز اراکین پارلیمنٹ کی کثیر تعداد کے علاوہ 25 سے زائد اسلامی ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔
اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت اللعالمین اور محسن انسانیت ہیں، حضور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اخلاقِ حسنہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔
اسپیکرسردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی ممکن ہے، رسول کریم ﷺ کی تعلیمات ہمیں بھائی چارے، امن، انصاف اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ اس مبارک مہینے میں ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
نمائش کا انعقاد ربیع الاول کے مبارک ماہ کی مناسبت سے اسپیکر سردار ایازصادق کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے خطاطی نمائش میں رکھے گئے 112 فن پاروں کا دیدار کیا، اور معروف خطاط واصل شاہد کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی لائبریری میں سیرت محل کے نام سے مختص بک کارنر کا بھی افتتاح کیا، جس میں نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ کے حوالے سے 400 نایاب کتب رکھی گئی ہیں۔
کتب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کے حوالے سے ممبران، ریسرچرزاور دیگر کتب بینوں کو معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اسپیکرنے تقریب میں شرکت پر ممبران پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفراء اور دیگر معززین کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News