
ایران نے بہت بڑی غلطی کردی، قیمت ادا کرنا ہوگی، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کردی ہے، ایران کو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
نیتن یاہو نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اپنے دفاع کے ہمارے عزم اور اپنے دشمنوں کے خلاف جوابی کارروائی کے عزم کو نہیں سمجھتی ہے۔
ایرانی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سیکیورٹی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران نے اسرائیل پر رات کے وقت سینکڑوں میزائل فائر کیے لیکن دنیا کے سب سے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کی بدولت ایران کا حملہ ناکام ہوا۔
نیتن یاہو نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز اور شہریوں کو حملے کی ناکامی پر مبارکباد پیش کی جبکہ ایرانی حملہ ناکام کرنے میں مدد کرنے پر امریکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرکے بہت بڑی غلطی کردی ہے، وہ نہیں جانتے کہ ہم اپنے دفاع کیلئے اور دشمن کو جواب دینے کیلئے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے بنائے ہوئے اصول پر قائم رہیں گے کہ جو بھی ہم پر حملہ آور ہوگا ہم اس پر حملہ کردیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر دیا جس کے نیتجے میں اسرائیل میں ایک عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ اسرائیل کے شہر جافا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
قبل ازیں لبنان میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ایران نے سخت ردعمل دینے کا کہا تھا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ کی موت کا بدلہ لے لیا، اسرائیل کے کئی علاقوں پر سیکڑوں میزائل داغ دیے ہیں، اگر جوابی کارروائی کی تو پھر نشانہ بنائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News