وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ان کے کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اس دوران صوبائی وزیرا شرجیل میمن، بلدیات کے وزیر سید ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ نے کورنگی کاز وے برج کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہیں وزیر بلدیات ناصر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی فزیکل پیشرفت 85 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور مالی پیشرفت 74 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔
کورنگی کاز وے برج کی کل لمبائی 1.4 کلومیٹر ہوگی اور اس کی چوڑائی 26 میٹر ہو گی۔ منصوبے کی تکمیل کی متوقع تاریخ 30 دسمبر 2025 ہے۔
منصوبے کے متعلق حکام نے بتایا کہ 434 پائلز، 10 اضافی پائلز اور 612 گرڈرز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ اسٹرکچرل کاموں میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے کام کی رفتار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی تاکید کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی ٹریفک میں نمایاں بہتری لائے گا اور ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کورنگی کاز وے برج منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے، اور اس کی تکمیل سے شہر کی ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔
بعد ازاں، وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہ بھٹو کے مختلف حصوں پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ شاہراہ بھٹو کے 15 کلومیٹر طویل سیکشن ون کی پیشرفت 98 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اور سموں ولیج ایلیویٹڈ اسٹرکچر کی تعمیر 65.67 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔
میموں گوٹھ برج کی پیشرفت 80 فیصد اور مائی نیانی برج کا کام 95 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ واٹر بورڈ برج پر بھی 66 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
وزیرِاعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ سیکشن-ٹو کے ارتھ ورک کی تکمیل 89.63 فیصد ہو چکی ہے، جبکہ سب گریڈ کا کام 85 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔
سب بیس ورک، ایگریگیٹ بیس اور اسفالٹ بیس کی پیشرفت بھی 85 فیصد اور 76 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہ بھٹو کے سموں گوٹھ سیگمینٹ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور مزید پیشرفت کی ہدایت کی۔
اس دورے کے دوران سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر افسران بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔














