
کراچی میں ہونے والےالمناک طیارہ حادثے کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ایر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بورڈ کے صدر عثمان غنی نے وزیر ہوابازی غلام سرور خان کے حوالے کردی ہے۔
عبوری رپورٹ میں کاک پٹ کریو اور ایئر ٹریفک کنٹرولر حادثے کے ذمہ دار قرار پائے ہیں،جبکہ حادثات کی روک تھام میں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا طریقہ کاربھی ناکام قرار دیا گیا ہے۔
عبوری رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار پی آئی اے اور سی اے اےکو بھی قرار دیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات میں طیارے میں فنی خرابی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ حادثے کےشکار طیارے کے آلات اور سسٹمز کی جانچ کا کام ابھی جاری ہے،جبکہ طیارے کے ڈیٹا فلائٹ ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر سے ملنے والی معلومات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ طیارے کی لاہور سے کراچی پرواز کا ایئرٹریفک کنٹرول سے حاصل ریکارڈ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے آج 22 جون کو طیارہ حادثہ کی ابتدائی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔
گزشتہ ماہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News