
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک ) اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سی پیک کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے ایک بہترین منصوبہ ہےاور پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت بھی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کے مظہر سی پیک منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور سی پیک سے ملنے والے ثمرات ہر خاص وعام پاکستانی تک بھی پہنچائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس ادارے کی کارکردگی اور استطاعت کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم کو سی پیک منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سی پیک کے فیز 2 اور ایم ایل ون سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اجلاس میں اسد عمر، خسرو بختیار، عمر ایوب اور عاصم سلیم باجوہ، عبدالرزاق داؤد سمیت سینئر حکام شریک ہوئے۔
اس سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس ضمن میں ای سی سی اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ٹیرف ایک روپیہ 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے تک مہنگا ہوجائے گا۔
ای سی سی کی جانب سے نیشنل ٹیلیکمیونیکیشن کمپنی کے آئندہ مالی سال کے 4 ارب 59 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News