
اسٹیٹ بینک نے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا لائسنس جاری کردیا
کراچی: اسٹیٹ بینک نے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کا لائسنس ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو جاری کردیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے لائسنس کا اجراء کیا جس کے بعد ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے لائسنس کے اجراء سے جدت طرازی کو فروغ، مالی شمولیت میں اضافہ اور سستی ڈیجیٹل مالی خدمات عوام کی پہنچ میں ہوں گی۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل بینکوں کی ترقی کو سہل بنانے میں اسٹیٹ بینک کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بینک جدت پسندی کے ساتھ مالی خدمات تک محدود رسائی کے حامل طبقات کی ضروریات کے مطابق صارفین پر مرتکز مصنوعات ڈیزائن کریں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں کہ اس طرح کی کوششیں مالی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کے مقاصد کو تقویت دینے میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے کہا کہ جنوری 2023ء میں ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے لیے پانچ کامیاب درخواست دہندگان کو این او سیز جاری کی گئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ان میں ہوگو بینک لمیٹڈ، کے ٹی بینک پاکستان لمیٹڈ، مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ، رقامی اسلامک ڈیجیٹل بینک لمیٹڈ اور ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ شامل تھے۔
مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ ان اداروں کا انتخاب صنعتی مہارت، مالی استعداد، کاروباری حکمت عملی، آئی ٹی اور سائبرسیکیورٹی انفراسٹرکچر سمیت دیگر عوامل کی کڑی جانچ کے بعد کیا گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ ستمبر 2023 میں ان بینکوں کو اصولی منظوری ملی تھی، اب ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو کمرشل آپریشنز شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News