
سندھ ہائیکورٹ؛ کے الیکٹرک کے بعد نیپرا کو بھی جواب جمع کروانے کی ہدایت
سندھ ہائی کورٹ نے طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کے جواب کے بعد نیپرا کو بھی جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
بجلی کے بل کی ادائیگی کے باوجود طویل لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر نارتھ ناظم آباد کے مکینوں کی کے الیکٹرک کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
سماعت کے آغاز پر درخواست گزار نے انکشاف کیا کہ ہیٹ ویو کی وجہ سے نارتھ وسٹا اپارٹمنٹس کے تین مکین انتقال کرچکے ہیں، بروقت بلز ادا کرنے والے علاقوں میں بھی کے بجلی کی بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
نارتھ ناظم آباد کے مکینوں کی درخواست پر کے الیکٹرک نے عدالت میں جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا کہ نارتھ وسٹا کے مکینوں کی درخواست ناقابل سماعت ہے۔
کے الیکٹرک نے اپنے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ براہ راست عدالت سے رجوع کرنے کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے، جس فیڈر پر لائن لاسز ہونگے وہاں لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
وکیل درخواست گزار محمد واوڈا ایڈووکیٹ نے کہا کہ کے الیکٹرک کا جواب غیر متعلقہ ہے اسکی کوئی اہمیت نہیں، درخواست گزاروں نے پہلے نیپرا سے شکایت کی تھے، نیپرا نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
وکیل محمد واوڈہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے مطابق یہ فیڈر “لو لاسز” میں آتا ہے، کے الیکٹرک اپنی ہی پالیسی کی خلاف ورزی کررہی ہے اور نیپرا کوئی کارروائی نہیں کررہی، نیپرا اور کے الیکٹرک کے گٹھ جوڑ سے سے شہری مشکلات کا شکار ہیں، مکین بروقت بجلی کا بل ادا کرتے ہیں مگر طویل لوڈشیڈنگ سے مسلسل اذیت دی جارہی ہے۔
بعدازاں عدالت نے کے الیکٹرک کے جواب پر درخواست گزاروں سے جواب الجواب طلب کرلیا اور نیپرا کو آئندہ سماعت پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 5 اگست کیلئے ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News