
ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد انتہائی مطلوب دہشت گرد گل یوسف عرف طور سمیت دو دہشت گردوں مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد گل یوسف ٹانک اور ڈی آئی خان اضلاع میں ہائی پروفائل دہشت گردانہ حملوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب دہشت گرد گل یوسف کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی لوگوں نے علاقے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News