
صوبہ سندھ کے تمام نجی اسکولوں کے لئے ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے فیسوں کے معاملے پر سرکلر جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکول ڈاکٹرمنسوب صدیقی نے سندھ کے تمام اسکولوں احکامات جاری کردئے ہیں ، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی اسکول اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں بر وقت ادا کریں اور وبائی صورتحال میں کسی بھی اسٹاف ممبر کو نوکری سے نہیں نکالا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نجی اسکولز ہر مہینے صرف ایک ماہ کی فیس وصول کر سکتا ہے، ایک ساتھ ایک سے زائد مہینوں کی فیس وصول نہیں کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر منسوب صدیقی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی اسٹریننگ کمیٹی کے فیصلے پر عمل کیا جائے، کسی بھی اسکول نے وبائی صورتحال میں اسٹاف کو نکالا یا پھر دو سے تین ماہ کی فیس ایک ساتھ وصول کی تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی اور رجسٹریشن منسوخ کردی دی جائے گی۔
یاد رہے سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات کو 30 مئی تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا ،صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا کی وجہ سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دے دیں جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کی تھی ، ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ کوچنگ سینٹرز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، محکمہ تعلیم کے احکامات پر عمل کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News