 
                                                                              سندھ بھر میں سگ گزیدگی کے واقعات کے روک تھام کیلئے کتا مار مہم کا آج دوسرا روز ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے این جی او کے ساتھ مل کر ضلع وسطی میں کتوں کو انجکشن لگانے کی مہم کا آغازکردیا ہے جبکہ متعدد شہری کتوں کے کاٹنے کے بعد اینٹی ریبیز ویکسین نہ ملنے کے سبب موت کا شکار ہو چکے ہیں۔
سیکریٹری بلدیات کے مطابق فائٹ اگینسٹ ریبیز اینڈ پاپولیشن کنٹرول آف اسٹریٹ ڈاگس پروگرام کے ذریعے ایک سال میں سندھ کو آوارہ کتوں سے پاک کردیاجائے گا۔
محکمہ بلدیات کی رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں چند ماہ کے دوران 34ہزار سے زائد آوارہ کتوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔
تازہ اطلا عات کے مطا بق کتوں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کیلیے کتوں کو انجکشن لگانے کی مہم سندھ حکومت اور مقامی این جی او کے تعاون سے ضلع وسطی میں شروع کردی گئی جس کا مقصد شہریوں کو کتے کے کاٹے سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانا ہے۔
سیکریٹری محکمہ بلدیات روشن شیخ کے مطابق جن علاقوں سے شکایت زیادہ آئی ہیں وہاں کام پہلے شروع کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مہم کے دوران کتوں کی ٹیگنگ کی جائیگی اور اس دوران موبائل ڈسپینسریز بھی کام کریں گی اس کے علاوہ عملے کو پکڑنے اور ویکسین کی تربیت دی جارہی ہے جس کے بعد مہم کا دائرہ سندھ کے دیگر اضلاع تک وسیع کردیاجائے گا۔
ایک سال کے اندر 5لاکھ آوارہ کتوں کو پکڑ کر پہلے ویکسین کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں نس بندی کی جائیگی۔
ایک ماہ کے دوران صوبے کے مختلف علا قوں میں کتوں کی بہتات نے شہریوں کو اسلحہ اٹھانے پر بھی مجبور کر دیا ہے، سندھ بھر کے شہروں میں 28ہزار کتوں کو زہر خورانی کے ذریعے مارا گیا، کراچی میں 7326، بے نظیرآباد میں 11ہزار سے زائد، میرپور خاص میں 5110، حیدرآباد میں 7300، لاڑکانہ میں 793 جبکہ سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں انتظامیہ نے 2752 کتوں کو ہلاک کیا۔
واضح رہے کہ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں حالیہ دنوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جن کے دوران اینٹی ریبیز ویکسین نہ ملنے کے باعث متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 