وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبوں میں اسپتالوں کی تعمیرکیساتھ صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدکیا گیا جس میں صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبے کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پنجاب کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی دستیابی کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے لیکن اب اسپتالوں کی تعمیر کیساتھ صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں سہولیات ناکافی ہیں اس لئے اسپتالوں اور نئے مراکز صحت کے انتظام کو جدید بنیادوں اور منظم طریقے سے چلانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے نظام کی بہتری کے لئے نجی شعبے کی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ صحت کے شعبے میں نجی شعبے کی شراکت داری اور حوصلہ افزائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبے کی بہتری اور اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی گئی جبکہ وفاق کی معاونت سے صحت کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد اور ثمرات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالا، لاہور، بہاولنگر، بہاولپور، لیہ، راجن پور، اٹک، میانوالی، چکوال میں زچہ و بچہ ہسپتالوں اور نرسنگ کالجز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور ان کی کل لاگت اسی سے نوے ارب روپے ہے۔
اجلاس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ رواں سال ان پر تقریباً سترہ ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جس کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے۔
وزیرِاعظم کو آبپاشی، صوبے کے آبی وسائل کے بہتر انتظام کے حوالے سے مختلف مجوزہ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
اجلاس میں شبلی فراز، اسد عمر، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت، صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، عاصم سلیم باجوہ،ڈاکٹر شہباز گل، چیف سیکرٹری پنجاب و دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
