
دودھ غذائیت سے بھرپور ایک مکمل غذا ہے جو اپنے اندر ایسے صحت بخش اجزا لیے ہوئے جسے غذا میں شامل رکھنے سے صحت کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
دودھ میں مختلف معدنیات اور وٹامنز کے علاوہ چکنائی میں حل پذیر وٹامنز، بی وٹامنز، وٹامن اے، ڈی، اور کیلشیم کے ساتھ ساتھ پروٹین، اور لیکٹک ایسڈ موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے روزانہ غذا میں شامل رکھا جاتا ہے۔
تاہم اب بازار میں مختلف اقسام کے دودھ بھی دستیاب ہیں جنہیں دوسرے ذرائع جیسے پھلیوں اور گری دار میوؤں سے حاصل کیاجاتا ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھی جانوروں سے حاصل کئے جانے والے دودھ کی طرح صحت بخش ہوتے ہیں تاہم ان کا زائد مقدار میں استعمال صحت کے لیے مضر ثابت ہوسکتا ہے، یہاں پر ان ہی کے بارے بیان کیا جارہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: دودھ میں صرف ایک جز کا استعمال اس کی طاقت کوکئی گنا بڑھا دیتا ہے
ناریل کا دودھ
ناریل کے دودھ میں وٹامنز اور ریشے ہوتے ہیں جو آپ کو سوزش اور جگر کی بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ یہ دودھ آپ کو کافی مقدار میں پروٹین بھی فراہم کرتا ہے جس سے آپ سارا دن توانا محسوس کرتے ہیں۔
ناریل میں سیلینیم پایا جاتا ہے یہ ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو آزاد ریڈیکلز کے اثرات کو کنٹرول کرکے گٹھیا کے مرض میں کمی لاتا ہے۔ اس دودھ کو بنانے کے لیے ایک کپ خشک کٹا ہوا ناریل لیں اور اسے 4 کپ پانی میں ملا دیں۔ تقریباً 2 سے 3 منٹ تک بلینڈ کریں ناریل کا دودھ تیار ہے۔
بادام کا دودھ
بادام توانائی سے بھرپور ایک صحت بخش غذا ہے جسے سپر فوڈ کا درجہ حاصل ہے۔ جب اسے دودھ میں ملایا جاتا ہے تواس کی غذائیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔
بادام کے دودھ میں صرف 60 کیلوریز ہوتی ہیں جبکہ جانوروں سے حاصل کیے جانے والے دودھ میں 146 کیلوریزہوتی ہے۔
یہ دودھ دل کے لیے بھی بے حد مفید ہے کیونکہ بادام کے دودھ میں کوئی کولیسٹرول یا سیچوریٹڈ فیٹ نہیں ہوتے۔ اسے بنانے کے لیے بادام کو 12 گھنٹے تک پانی میں بھگو کررکھیں پھرانہیں دھولیں، اس کے بعد اسے پانی کے ساتھ بلینڈر میں ڈالیں۔ ہمواراور کریمی ہونے تک بلینڈ کریں۔ پھر کسی کپڑے سے چھان لیں بادام کا دودھ تیار ہے۔
سویا دودھ
یہ سبزی کھانے اور لیکٹوز سے الرجی رکھنے والوں کے لیے دودھ کا بہترین متبادل ہے سویا دودھ انتہائی غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کی سطح کو توازن میں رکھتا ہے ساتھ ہی وزن کم کرنے میں بھی آپ کی مدد کرسکتا ہے۔
ایک کپ سویا دودھ میں صرف 80 کیلوریزموجود ہوتی ہیں مزید یہ کہ سویا دودھ پینے میں فائبربھی موجود ہوتا ہے جسے پینے کے بعد آپ کو پیٹ بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے اورآپ بے وقت کی بھوک سے بچے رہتے ہیں جو وزن بڑھنے کی ایک بنیادی وجہ ہے۔
ایک لیٹر سویا دودھ بنانے کے لیے، آپ کو تقریباً 125 گرام سویابین کی ضرورت ہے۔ سویابین کو صاف کریں اور تقریباً 10سے15 گھنٹے تک پانی میں بھگو دیں۔ اس کے بعد سویابین کو مائیکرو ویو کرکے تقریباً 2 منٹ تک گرم کریں۔ اس کے بعد سویابین اور 1 لیٹر پانی کو بلینڈر میں پیس لیں اور ململ کے کپڑے سے چھان لیں۔ سویا دودھ کو گرم کریں اور ٹھنڈا ہونے پر استعمال کریں۔
الائچی کا دودھ
ہو سکتا ہے یہ بات آپ کے علم میں نہ ہو لیکن الائچی کے دودھ میں کیلشیم اور وٹامن سی میگنیز اور آئرن جیسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں، میگنیز ایک انزائم پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو فری ریڈیکلز کے اثرات کوکم کرنے میں مددفراہم کرتا ہے جبکہ آئرن سے خون کی کمی کو دورکرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس دودھ کو بنانے کے لیے آپ کے پاس 2 کپ دودھ اور 2 عدد پسی ہوئی الائچی ہونی چاہیے۔ ایک پین میں دودھ ڈال کر اس میں الائچی ڈال کر گرم کریں، پھر ٹھنڈا ہونے پرچھان لیں اب چینی شامل کر کے استعمال کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News