راولپنڈی: خارجی دہشت گردوں کی جانب سے بنوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہوگئی جب کہ بارودی مواد نصب کرتے ہوئے بھارتی پراکسی دہشت گرد بھی ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بارودی مواد نصب کرنے والا بھارتی پراکسی دہشت گرد ’’فتنہ الخوارج‘‘ ہلاک ہوگیا۔
دہشت گردوں کی مایوسی بڑھ رہی ہے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی یہ کوشش دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پے در پے ناکامیوں کے بعد خارجی دہشت گرد سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ خوف و ہراس پھیلایا جاسکے۔
دہشتگردوں کی صلاحیتیں کمزور پڑ رہی ہیں
ترجمان پاک فوج کے مطابق جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے نتیجے میں دہشت گرد گروہوں کی تنظیمی صلاحیتیں اور کارروائی کی قوت مسلسل کمزور ہو رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے مؤثر اقدامات نے دہشت گرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

















