راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف دو الگ الگ بڑی کارروائیاں کیں جن میں مجموعی طور پر 23 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انسدادِ دہشتگردی آپریشن کے دوران باجوڑ میں 11 دہشت گرد مارے گئے جب کہ بنوں میں 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں ہلاک ہونے والوں میں خطرناک دہشت گرد سجاد عرف ابوذر بھی شامل تھا جو دہشتگرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملہ آور ہونے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں، سہولت کاروں اور بارودی مواد کے خطرات کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یہ بھی بتایا کہ یہ آپریشنز ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد دہشتگردی کی جڑیں مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز خوارج کو ہر جگہ ٹھکانے لگانے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور فورسز ہر محاذ پر سرگرم عمل ہیں۔
وزیراعظم کا خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ اور بنوں میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ ایک صف میں کھڑی ہے۔ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا ردِعمل
صدر مملکت نے بھی کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ 23 دہشت گردوں کا خاتمہ فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ باجوڑ میں متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے، جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تعریف ہے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ یہ کارروائیاں ریاست کے امن کے قیام کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

















