
وزیراعظم عمران خان سے نیویارک میں کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کشمیر اسٹڈی گروپ کے بانی فاروق کتھواری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا پر مودی حکومت کا اصل چہرہ واضح ہوجائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی کو مزید اجاگر کرنے کی تلقین بھی کی۔
وزیراعظم اور کشمیراسٹڈی گروپ کے بانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی نعیم الحق، ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 7 روزہ امریکا کے دورے پر ہیں، وزیراعظم کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
عمران خان کی امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات 23 ستمبر کو ہوگی، اسی دن عمران خان کونسل آف فارن ریلیشن سے خطاب بھی کریں گے ، جبکہ چینی وزیر خارجہ، سینیگال کے صدر اور اٹلی کے وزیراعظم سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
24 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیے میں شرکت کریں گے، امریکی سرمایہ کاروں اور ہیومین رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ عمران خان 24 ستمبر کو ہی امریکی صدر ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز جائیں گے جہاں وہ نفرت انگیز مواد کی روک تھام سے متعلق کانفرس سے خطاب کریں گے۔
26 ستمبر کو وزیر اعظم کی سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات ہوگی، جبکہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں فنانس سے متعلق اجلاس میں شریک بھی ہوں گے۔
وزیراعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے ، اسی روز مصر، ایتھوپیا اور نیوزی لینڈ کے وزرا ئے اعظم سے ملاقاتیں کریں گے ، اسی دن وزیراعظم نیویارک میں پریس کانفرنس بھی کریں گے ، ان کی ترک صدر طیب اردوان اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News