اب یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ عالمی جا ن لیوا وبا کورونا وائرس سے گردوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
چین میں ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے کچھ مریضوں میں گردوں کو نقصان پہنچا اور اس وائرس کے ذرات گردوں میں دریافت کیے گئے۔
کورونا وائرس سے پھیپھڑوں میں ورم اور ہوا کی ننھی گزرگاہیں بند ہوجاتی ہیں جو جسم میں آکسیجن کی فراہمی کے لیے انتہائی ضروری ہوتی ہیں۔
مگر ایسے شواہد مسلسل سامنے آرہے ہیں کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 صرف پھیپھڑوں کو ہی نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ یہ دل کے مسائل، دماغی صحت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔
یالے اسکول آف میڈیسین کے گردوں کے امراض کے ماہر ایلن کلیگر نے کہا کہ کووڈ 19 کے شکار ہوکر ہسپتال میں داخل ہونے والے لگ بھگ 50 فیصد افراد کے پیشاب میں خون یا پروٹین موجود ہوتا ہے جو گردوں کو پہنچنے والے ابتدائی نقصان کا عندیہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیویارک اور چین کے شہر ووہان میں آئی سی یو میں داخل ہونے والے 14 سے 30 فیصد مریضوں میں گردوں کے افعال ختم ہوگئے اور ڈائیلاسز کی ضرورت پڑی۔
تحقیقی ٹیم کا کہنا تھا کہ کئی بار یہ علامات کووڈ 19 کی روایتی علامات جیسے بخار، کھانسی وغیرہ کے بغیر ہی ظاہر ہوئیں۔