
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق اسپنر بریڈ ہوگ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کرانے کی تجویز دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی موذی وباءنے کرکٹ کے نئے دور کے آغاز کے دروازے کھول دئیے ہیں اور شائقین کرکٹ میں بہترین کرکٹ دیکھنے کی بھوک بڑھ گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا شائقین کرکٹ کے بہترین مقابلے دیکھنا چاہتے ہیں، لہٰذا ٹیسٹ چیمپین شپ کو کچھ دیر کے لیے ایک سائیڈ پر رکھیں اور ایک، دو ایسی سیریز کا انعقاد کروائیں جو پوری دنیا میں کرکٹ کی دلچسپی میں اضافے کا باعث بن جائیں۔
بریڈ ہوگ نے کہا کہ سب سے پہلے تو اس سال بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز منسوخ کریں اور ایشز سیریز پر توجہ دیں ۔لیکن اگر اس معاملے کا دوسرا رخ دیکھیں تو بھارت آسٹریلیا کے خلاف نہیں کھیلے گا تو پھر کہاں جائے گا؟
انہوں نے کہا کہ بھارت کرسمس کے دنوں میں پاکستان کے خلاف کھیلے۔ دو میچ پاکستان میں کروائیں، دو بھارت میں کروائیں۔
بریڈ ہوگ نے پاک، بھارت ٹیسٹ سیریز کیلئے تین وجوہات بھی پیش کیں اور کہا پہلی بات تو یہ ہے کہ بابراعظم یا ویرات کوہلی، ان دونوں میں سے بہتر کون ہے؟ یہ اس سیریز میں پتہ چل جائے گا۔
دوسری پھر جسپریت بمرا اور شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ بھی ہو گا۔ آخر میں روی چندرن ایشون اور یاسر شاہ کا مقابلہ ہو گا اور شائقین کو ایشین کنڈیشنز میں دو بہترین اسپنرز ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے نظر آئیں گے ۔
بریڈ ہوگ نے کہا کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے لیے بھی زبردست سیریز رہے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News