
کورونا وائرس کے باعث ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں کی طرح ملتان اور فیصل آباد میں بھی دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے بڑے شہر ملتان کے 3 علاقوں جبکہ فیصل آباد میں دفعہ 144 کے تحت مختلف علاقوں میں 13روز کیلئے لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
ملتان میں گزشتہ رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق لاک ڈاؤن ملتان کے علاقوں شاہ رکنِ عالم کالونی کے ایچ اور ڈی بلاک میں نافذ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کاکہنا ہے کہ نیو ملتان کالونی کے وی اور وائی بلاک اور ایم ڈی اے چوک کے نزدیکی علاقے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر سیل کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب فیصل آباد میں بھی 13 دنوں کے لئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد کے23 رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں 30 جون رات 9 بجے تک لاک ڈاؤن ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھنٹاگھر کے8 بازاروں اور ملحقہ مارکیٹوں میں لاک ڈاؤن کیاگیا جس میں جھال مارکیٹ، وارث پورہ گول چوک،ڈی ٹائپ کالونی، منڈی کوارٹر،علامہ اقبال کالونی، رضا آباد ،سمن آباد، غلام محمد آباد، منصور آبادمیں لاک ڈاؤن کی گیا جبکہ تحصیل صدر میں ڈجکوٹ، سدھار، پینسرہ، امین پور بنگلہ کےرہائشی اور کاروباری مراکز سیل کر دیئے گئے ہیں ۔
تحصیل جڑانوالہ میں سٹی جڑانوالہ ، کھرڑیانوالہ اور مین بازار مکو آنہ میں جبکہ تحصیل تاندلیانوالہ میں موبائل مارکیٹ اور ریل بازار ون اور ٹو میں بھی لاک ڈاؤن کیا گیا۔
تحصیل چک جھمرہ میں مین بازار، تحصیل سمندری میں کچہری بازار، نہربازار، چکی بازار اور مین بازار شامل ہیں۔
واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 118 جبکہ 3 ہزار 93 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔
خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 60 ہزار 138 ہو چکی ہے جبکہ اس سے جاں بحق افراد کی تعداد بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 202 ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News