دنیا کی سب سے بڑی اور معروف سوشل ایپ فیس بک نے نفرت انگیز اشتہارات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی پالیسی میں کسی خاص رنگ و نسل، قومیت، مذہب، ذات، جنسی رجحان، صنف، شناخت اور تارکینِ وطن (امیگریشن اسٹیٹس) سے تعلق رکھنے والے افراد کو دوسروں کی صحت اور جان و مال کےلیے خطرہ بنا کر پیش کرنے والے اشتہارات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اسی طرح تارکین وطن یا پناہ گزینوں کے خلاف نسلی منافرت پر مبنی اشتہارات اور اشتہاری مواد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ تاہم ان نئی پابندیوں کا اطلاق غیر اشتہاری پوسٹوں پر نہیں ہوگا۔
اس سے قبل گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فیس بک کی نفرت انگیز مواد پر قابو پانے کےحوالے سے کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کئی یورپی اور امریکی کمپنیوں نے ویب سائٹ کو اشتہارات نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
اب تک یونی لیور، ویرائزن، کوکا کولا، ہرسلے اور ہونڈا سمیت 120 سے زائد کمپنیوں نے فیس بک کو عارضی طور پر اشتہارات نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنیوں کی جانب سے یہ اعلانات سول رائٹس گروپس کے زیرتحت بائیکاٹ مہم کے لیے کیے گئے۔
امریکا میں شہری حقوق کےلیے کام کرنے والی تنظیموں اور گروپوں نے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے پولیس حراست میں قتل کے بعد ’’اسٹاپ ہیٹ فور پرافٹ‘‘ (فائدے کےلیے نفرت پھیلانا بند کرو!) کے عنوان سے مہم کا آغاز کیا تھا جس میں فیس بک کو بطور خاص ہدف بنایا گیا تھا۔
مہم چلانے والی تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فیس بک ’’نسلی منافرت، تشدد پر اکسانے والے اور واضح طور پر جعلی مواد کو اپنے پلیٹ فورم پر رکھنے کی اجازت دیتا ہے۔‘‘
اس مہم میں فیس بک پر اشتہارات دینے والی کمپنیوں سے رجوع کیا گیا تھا کہ منافرت سے متعلق فیس بک کی پالیسیوں میں اصلاحات کے لیے اس پلیٹ فورم کا بائیکاٹ کریں۔ اس مہم کے نتیجے میں 90 سے زائد کمپنیوں نے فیس بک کو اشتہارات نہ دینے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل جمعے کو لائیو اسٹریم کے ذریعے فیس بک کے بانی و سربراہ مارک زکربرگ نے نفرت انگیز مواد کے خلاف اپنی کمپنی کی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپی کمیشن کی رواں ماہ جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے گزشتہ برس 86 فیصد نفرت انگیز مواد حذف کیا۔
زکربرگ کا کہنا تھا کہ فیس بُک اور اس کے ماتحت دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ’’اپنے ملک میں بدلتے حقائق‘‘ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسیاں مزید سخت کریں گے۔ رنگ و نسل اور تارکین وطن ہونے (امیگریشن اسٹیٹس) کی بنیاد پر امتیاز کرنے والا اشتہاری مواد فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
