
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں امریکی شہری سنھتیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی۔
کمرہ عدالت میں درخواست گزار پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی جانب سے ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان احمد خان لوہانی نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا ہے۔
ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں سنتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
ایف آئی اےنےمؤقف اختیار کیا ہے کہ شکیل عباسی نے مقدمےکے اندراج کی درخواست دی ہے تاہم وہ متاثرہ فریق نہیں ہیں، شکیل عباسی اس معاملے میں شکایت کنندہ بن کر مقدمہ درج کرانے کا حق نہیں رکھتے۔
ایف آئی اے کا اپنے جواب میں مزید کہنا ہے کہ قانون کے مطابق متاثرہ شخص یا اس کا سرپرست ہی یہ شکایت داخل کر سکتا ہے۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے درخواست گزار شکیل عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی صحافی سنتھیا رچی نے بینظیر بھٹو شہید کے خلاف سوشل میڈیا پرمہم چلائی۔
درخواست گزار کے مطابق ایف آئی اے کو سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی جس پر کارروائی نہیں کی گئی۔
درخواست گزارپیپلز پارٹی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو سنتھیا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
بعد ازاں عدالت کی جانب سے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر پی ٹی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جون تک جواب طلب کیاگیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News