 
                                                                              سپرہائی وے پر سندھ رینجرز کی موبائل حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں انسپکٹر، حوالدار اور سپاہی شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب سندھ رینجرز کی موبائل حادثے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں موبائل میں سوار حوالدار سہیل اکرم موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ انسپکٹرعبدالرزاق، لانس نائیک گل خان، سپاہی حمزہ، سپاہی مرتضٰی اور ڈرائیور مشتاق شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری تھا اس دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انسپکٹر اور سپاہی بھی دم توڑ گئے۔
ایس ایچ او گڈاپ سٹی انسپکٹر نعمت بھٹی کا کہنا ہے کہ دوران علاج دم توڑنے والوں میں انسپکٹر عبدالرزاق اور سپاہی حمزہ شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے بقیہ تینوں اہلکاروں کی بھی حالت تشویش ناک ہے۔
گڈاپ سٹی پولیس کے مطابق جس رینجرز کی موبائل کوگزشتہ شب حادثہ پیش آیا تھا وہ رینجرز کے 35 ونگ کی تھی جو ٹائر پھٹنے کے باعث الٹی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 